نئی دہلی،10جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)دولت مشترکہ کھیلوں کے چمپئن پی کشیپ کو لگتا ہے کہ لندن کھیلوں کے کانسہ تمغہ یافتہ سائنا نہوال اگلے ماہ ہونے والے ریو اولمپکس میں ہندوستان کے لیے تمغہ جیتنے کی بہترین دعویدار ہیں اور انہوں نے کہا کہ پی وی سندھو اور کے سری کانت چھپے رستم ہو سکتے ہیں۔کشیپ نے یہاں دہلی ریاستی جونیئر رینکنگ ٹورنامنٹ شروع کرنے کے دوران کہا کہ سائنا کی درجہ بندی اور اس کی فارم دیکھتے ہوئے، وہ بہترین مدمقابل ہے۔سندھو اور سری کانت ٹورنامنٹ میں چھپے رستم کی طرح ہیں، ان سے کسی بھی چیز کی توقع کی جا سکتی ہے۔ارجن انعام حاصل کر چکا یہ کھلاڑی منو اتری اور بی سمت کی مرد ڈبلز جوڑی کے کوالیفائی کرنے سے بہت خوش تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کیلئے شاندار کامیابی ہے، تاہم انہیں لگتا ہے کہ اولمپک میں تمغہ جیتنا اس ہندوستانی جوڑے کے لئے کافی مشکل کام ہوگا۔اس 29سالہ کھلاڑی نے 2012لندن اولمپکس کے مرد سنگلز کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا اور ایسا کرنے والا ملک کا پہلا مرد شٹلر بن گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ منو-سمت تمغے کے دعویدار ہیں کیوں کہ یہ بہت سخت مقابلہ ہے اور پہلی بار مرد ڈبلز جوڑی نے کوالیفائی کیا ہے،میں امید کروں گا کہ انہیں اچھی جیت ملے۔